لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مارک ووڈ آسٹریلیا میں حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کولہے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں شیڈول ابتدائی ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے تصدیق کی ہے کہ مارک ووڈ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، 32 سالہ مارک ووڈ کو 26 ٹیسٹ، 57 ایک روزہ اور 27 ٹی 20 میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، مارک ووڈ نے 26 ٹیسٹ میچز میں 31.91 کی اوسط سے 82 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ انگلینڈ کے لیے تمام فارمیٹس میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
انگلش فاسٹ باؤلر نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کے لیے ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا سفر نہیں کیا تھا، لیکن اس ہفتے کے آخر میں سکواڈ میں شامل ہونے کی امید تھی، 32 سالہ کھلاڑی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر بین سٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ 2005 کے بعد پاکستان میں اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔