پنڈی ٹیسٹ: بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف شاندار سنچری داغ دی

Published On 03 December,2022 03:38 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کیخلاف کیریئر کی 8 ویں سنچری بنا ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 126 گیندوں پر 100 رنز بنا لیے ۔۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز چائے کے وقفے تک پاکستان نے پہلی اننگز میں 3وکٹ پر 411رنز بنالیے بابر اعظم 106اور سعود شکیل 35 رنز بنا کر کریز پر موجودہیں ۔
پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 181 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے کیا، امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

عبد اللہ شفیق نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی تیسری سنچری مکمل کی جبکہ امام الحق نے بھی 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے کیرئیر کی تیسری سنچری بنا ڈالی۔

پاکستان کو پہلا نقصان 225 رنز پر ہوا جب عبد اللہ شفیق 114 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 245 کے مجموعے پر امام الحق بھی 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اظہر علی 27 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا لیے جبکہ پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 160 رنز درکار ہیں۔

انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے گزشتہ روز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 181 ر نز بنا لیے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
 

Advertisement