پاک، کیویز سیریز قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی آخری اسائنمنٹ؟

Published On 24 December,2022 09:12 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز پی سی بی کے کوچنگ سٹاف میں کچھ افراد کیلئے آخری اسائنمنٹ ثابت ہوسکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی مدت فروری 2023 میں ختم ہو جائے گی، پی سی بی کے چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کوچ کی تبدیلی کے حوالے سے غیر ملکی کوچ کی تقرری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئندہ کوچ غیر ملکی ہوگا۔

پی سی بی نے ہیڈ کوچ اوربولنگ کوچ کی ایک سالہ تقرری کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، رواں برس فروری میں ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی ایک سال کے لیے تقرری کی گئی تھی۔

ثقلین مشتاق کے کہنے پر محمد یوسف مستقل ٹیم کے ساتھ ہی تعینات رہے، این ایچ پی سی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی سیریز ٹو سیریز تقرری ہوتی رہی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اب ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے عمل آغاز کرے گا، ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آخری اسائنمنٹ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں، مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی، منیجمنٹ کمیٹی کے اراکین بھی مکی آرتھر کی تقرری کے حق میں ہیں، جلد کوچ کی تقرری کے باضابطہ طریقہ کار کا آغاز کر دیا جائے گا۔