آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا میرانشاہ، شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ

Published On 23 December,2022 08:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے میرانشاہ، شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا، سپہ سالار کو مغربی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ہیڈ کوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کے دورہ کے دوران آرمی چیف نے ایلیٹ ضرار کمپنی سمیت ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جوانوں نے بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن اور ایوی ایشن میں بہادری سے کام کیا، ایس ایس جی قوم کا فخر ہے، انہوں نے مختلف آپریشنز میں ان کے بے مثال جذبے، قربانیوں اور ڈیوٹی کے عزم کو سراہا۔

آرمی چیف نے پاک، افغان سرحد پر اگلے مورچوں پر تعینات دستوں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف افسران، جوانوں سے ملے، پیشہ وارانہ مہارتوں، بلند عزم، آپریشنل تیاریوں کو سراہا، سپہ سالار کو دہشتگردی کے خطرے کو ناکام بنانے، ردعمل اور طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، آرمی چیف نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔
 

Advertisement