بنوں آپریشن دہشتگردی کیخلاف حتمی جنگ کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا، آرمی چیف کا عزم

Published On 24 December,2022 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے وزیرستان اور ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کے دورہ سے واضح ہوا کہ بنوں آپریشن دہشتگردی کے خلاف حتمی جنگ کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا، دہشتگردوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کو کالعدم ٹی ٹی پی بھی اپنا بڑا نقصان سمجھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزہ سپہ سالار اعظم جنرل سید عاصم منیر نے وزیرستان، ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا، دورہ اس اہمیت کا حامل ہے جس سے فوج، عوام اور دہشت گردوں کو مضبوط پیغام گیا۔

بنوں آپریشن یرغمال بنائے جانے کی صورتحال کے تاریخ کے کامیاب ترین آپریشنز میں لکھا جائے گا، آپریشن بہترین پیشہ وارانہ طریقے اور انتہائی صبر آزما مراحل میں مکمل کیا گیا، فوج نے پیچیدہ ماحول یا کسی اور فیکٹر کا کوئی پریشر نہیں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا میرانشاہ، شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ

آرمی چیف نے واضح کیا کہ لڑائی کو دہشت گردوں کے گڑھ تک لے جائیں گے، آرمی چیف نے دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو حتمی طور پر توڑنے کا پیغام بھی دے دیا، آرمی چیف نے بنوں آپریشن کے ہیرو ایس ایس جی کمانڈوز کو ماتھے کا جھومر قرار دیا، آرمی چیف کے عزم سے واضح ہوا بنوں آپریشن دہشت گردی کی جنگ کی آخری لڑائی کا نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر ریاستی رٹ چیلنج کرنے کا ماحول پیدا ہو گیا، بنوں آپریشن سے دہشت گردی کی صورتحال پر ڈرامائی اثرات مرتب ہوئے۔
 

 

Advertisement