کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا، میچ کم روشی کے باعث ڈرا کیا گیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 85 رنز بنا لیے تھے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچ کے پانچویں روز جب پاکستانی ٹیم میدان میں اتری جلد ہی دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تاہم بعد میں سرفراز احمد اور امام الحق نے 81 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
اوپنر عبداللہ شفیق 17، شان مسعود 10، نعمان علی 4، کپتان بابراعظم 14، سرفراز احمد 53، آغا سلمان 6 اور محمد وسیم جونیئر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نوجوان بیٹر سعود شکیل 55 اور میر حمزہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ادھر مہمان ٹیم کی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے 6 جبکہ مچل پریسول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 311 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 138 رنز کا ہدف ملا، پانچویں دن 15 اوورز کا کھیل باقی تھا، نیوز لینڈ کو انہی 15 اوورز میں جیت حاصل کرنے کے لئے 138 رنز بنانے تھے۔
138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن ہدف کو حاصل نہ کر سکے، مہمان ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنا لیے تھے تاہم کم روشنی کے باعث امپائرز کی مشاورت اور دونوں ٹیموں کی رضا مندی سے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔