لاہور: (ویب ڈیسک) 33 سالہ شان مسعود نیوزی لینڈ سیریز کے بعد پشاور سے تعلق رکھنے والی میشے خان سے پشاور میں ہی 21 جنوری 2023 کو شادی کریں گے جبکہ ان کے ولیمے کی تقریب کراچی میں ہوگی۔
کرکٹر کے ولیمے کا کارڈ بھی سامنے آچکا ہے جس کے مطابق ان کا ولیمہ 27 جنوری بروز جمعے کو ہوگا جس میں متعدد کرکٹرز سمیت معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ وہ پسند کی شادی کر رہے ہیں،دلہن ان کی بہترین دوست رہی ہیں اور اب وہ ان کی لائف پاٹنر بننے جا رہی ہیں،ان کی ان سے پہلی ملاقات لاہور میں ہوئی۔
شان مسعود نے اپنی دلہن کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق پشاور سے ہے ان کی ان سے پرانی دوستی ہے جو اب بہترین رشتے میں بدل رہی ہے اور وہ بہت زیادہ خوش ہیں کہ انہیں زندگی کا بہترین ساتھی مل رہا ہے، وہ انہیں بہترین انسان کے ساتھ بہترین کرکٹر بننے میں بھی مدد کریں گی کیوں کہ جب سے وہ ان کی لائف میں آئی ہیں ان کے کردار میں بڑا اچھا بدلاؤ آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 33سال بعد اس بات کا احساس ہوا کہ کھیل سے باہر بھی زندگی بڑی اہم ہوتی ہے ،ایک فیملی ہونی چاہیے۔
شان مسعود نے کہا کہ خوشی ہے کہ وہ سرکل سے باہر دوسری فیملی میں جاکر شادی کر رہے ہیں، شان مسعود نے بتایا کہ انہوں نے شیروانی کا ٹرائیل دے دیا ہے اور طویل بحث کے بعد یہ طے ہوا کہ وہ نکاح والے دن شیروانی تو زیب تن کریں گے لیکن قلہ نہیں پہنیں گے۔
ذاتی زندگی سے ہٹ کر پروفیشنل لائف کے بارے میں بات کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ نائب کپتانی کی ذمہ دای بڑی اہم ہے، ٹیم کے پلینگ الیون میں اگر وہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں کی فہرست میں فٹ نہیں آتے تو پلینگ الیون میں نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل کھلاڑی ہوں،کبھی کسی رول پر شکایت نہیں کی ،ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پوزیشن کو ایڈجسٹ کیا یہ سب گیم کا حصہ ہے، کوشش یہ ہوتی ہے جہاں موقع ملے ٹیم کیلئے اچھے نتائج دوں، ٹیم میں شامل تمام 16 کھلاڑیوں کی یہ ہی سوچ ہونا چاہیے کہ جہاں جب جیسے بھی انہیں موقع ملے اپنی بیسٹ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں۔
شان مسعود نے کہا کہ وہ ٹیم کے ہر فیصلے کو مثبت لیتے ہیں اور کبھی شکایت نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ شاداب ٹیم کے نائب کپتان ہیں اور وہ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے آئیڈل کھلاڑی ہیں فی الحال توجہ بحثیت بیٹسمین پر ہے کہ خود کو کیسے ٹیم میں فٹ ہوتا ہوں۔
نائب کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ وائٹ بال کی تگڑی ٹیم ہے اور پاکستان اپنی کنڈیشن میں بڑے عرصے بعد کھیل رہی ہے ،وہ خود چار سال بعد ون ڈے اسکواڈ میں واپس آئے ہیں ،انہیں کوئی شکوہ نہیں کہ چار سال ون ڈے نہیں کھیلا، سرفراز احمد کی مثال سب کے سامنے ہے ،وہ چیمپئن کپتان تھے پہلے پلینگ الیون سے اور پھر ٹیم سے باہر ہوئے لیکن ہمت نہیں ہاری محنت جاری رکھی۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے شان مسعود نے کہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی کاکرکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، جو موقع ملے فائدہ نہیں اٹھایا کوئی، کئی بار شارٹ کا انتخاب اچھا نہیں کیا۔