بی بی ایل : پرتھ سکارچرز اور سڈنی سکسرز آج کوالیفائر میچ میں مدمقابل

Published On 28 January,2023 01:06 am

میلبورن : ( ویب ڈیسک ) بگ بیش لیگ ( بی بی ایل ) کا کوالیفائر میچ آج ( ہفتہ ) کو دفاعی چیمپئن پرتھ سکارچرز اور سڈنی سکسرز کی ٹیموں کے درمیان پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام مینز بگ بیش لیگ کا بارہواں ایڈیشن آسٹریلیا میں جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کومل رہے ہیں جبکہ ایونٹ اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔

ایونٹ کا کوالیفائر میچ دفاعی چیمپئن پرتھ سکارچرز اور سڈنی سکسرز کے درمیان آج پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت کل 61 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں پرتھ سکارچرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہے۔

بگ بیش لیگ مردوں کا ایک پیشہ ورانہ ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں تھیں جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ ، ہوبارٹ ہریکینز، میلبورن رینیگیڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچر ز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈرشامل ہیں۔

ٹورنامنٹ ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 4 فروری کو کھیلا جائے گا۔