کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی مارکیٹنگ اچھی نہیں ہو رہی مارکیٹنگ کیلئے زیادہ خرچہ کرنا ہو گا، ہم اس سال مزید پیسہ لگانے جا رہے ہیں، اس بار کا پی ایس ایل گزشتہ لیگ سے بہترین ہو گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی کا توشہ خانہ ہی نہیں، جتنے بھی تحائف ملے گھر لے کر جاؤں گا، تلوار کا تحفہ ساتھ نہیں لے جا سکتا، جہاز میں لے گیا تو جیل ہو جائے گی، تلوار فریم کر کے یہیں لگوا دوں گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نمائشی میچ میں چار سے پانچ کھلاڑی بی پی ایل کھیل رہے ہیں ہم نے تمام کھلاڑیوں کی واضح طور پر سفارشات کو مسترد کر دیا ہے، تمام کھلاڑی جن کا نمائشی میچ میں نام ہے، وہ بی پی ایل سے واپس آئیں گے، سب سٹار کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹر کی جرسی میں دیکھنا چاہتے ہیں، آپ نہیں چاہتے تو پی سی بی دوسری شرٹس بنا لے گا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ آج بڑا خوش ہوں، دل کی باتیں کرنی ہیں، کراچی کے میڈیا کو یقین دلایا کے میچز کراچی میں ہوں گے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 3 میچز کی سیریز کھیلی، شائقین کی بڑی تعداد میچز دیکھنے آئی، کراچی کے ساتھ گہرا رشتہ ہے، اس کو اگنور نہیں کر سکتا، جس دن پی ایس ایل کی میٹنگ ہوئی 5 ٹیموں کا فیصلہ کیا تھا، کوئٹہ نے ایک ملین ڈالر میں فرنچائز خریدی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے سیزن کا فائنل لاہور میں کرانا تھا، انٹرنیشنل کھلاڑی راضی نہیں تھے، فرنچائز نے تعاون کیا اور فائنل لاہور میں ہوا، پی ایس ایل پر ایک کتاب لکھوں گا کہ کتنی مشکلات پیش آئیں، دنیا نے دیکھا کہ ہم پرامن ہیں دنیا کی سب ٹیمیں یہاں آ رہی ہیں، بلوچستان حکومت کی جانب سے درخواست آئی ہے کہ ایک میچ ہونا چاہیئے، 5 تاریخ کو ایک میچ کوئٹہ میں ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بگٹی سٹیڈیم کو 20 کروڑ لگا کر تیار کیا ہے، تمام سٹار کھلاڑی وہاں جا کر کھیلیں گے، دونوں فرنچائز کو کہتا ہوں ملکی مفاد میں کڑوا گھونٹ پینا پڑے گا، دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، جیسے ٹیمیں بنائی ہیں اس میچ کو ہونے دیں، ہم بہت سے سٹار کو لے جانا چاہتے ہیں، 4، 5 کھلاڑی کہتے ہیں کہ ان کو نہ بلایا جائے نقصان ہو گا، ملک کی خاطر لیگ چھوڑنی پڑے گی۔