لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ جب تک سابق وزیراعظم عمران خان سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے۔
اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا مت کہا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو پی ٹی آئی نے تعینات کیا ہے، جب عمران خان کی مرضی نہیں چلتی تو اداروں کو گالیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب تک سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی عدم استحکام آتا ہے، عمران خان اکانومی کو خراب کرنا چاہتے ہیں، معاشی استحکام بھی آئے گا اور سیاسی استحکام بھی آئے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ مریم نواز کا عظیم الشان استقبال کریں گے، جو ق در جوق قافلے مریم نواز کے استقبال کے لئے لاہور آ رہے ہیں، عمران خان کو سیاست کے میدان سے باہر پھینکیں گے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ مونس الہٰی گرفتار ہو، میں مونس الہٰی کو کہوں گا الیکشن آ رہا ہے واپس آجائیں، اپنے باپ کو مشکل میں چھوڑ کر باہر نہیں بھاگا جاتا، واپس آکر سامنا کریں۔