کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران کھیلوں میں سٹے کے برانڈ 1XBAT اور کرپٹو کرنسی کی تشہیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط لکھ دیا۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر ہر ممکن سہولیات دینا چاہتے ہیں کیونکہ پی ایس ایل کھیلوں کے فروغ اور پاکستان کے مثبت چہرےکا پرچار کرتا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کا آفیشل پارٹنر بیسٹ گن ٹیک انویسٹمنٹ کوئن کرپٹو کرنسی ہے اور ملکی قوانین کرپٹو کرنسی یا ڈیجیٹل اثاثے رکھنے کی اجازت نہیں دیتے، پی ایس ایل کے دوران کرپٹو کی تشہیر، پاکستانیوں کو اس کاروبار کی رغبت دے گا جبکہ پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کا اسپانسر 1XBAT کھیلوں میں سٹے کا برانڈ ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق بظاہر یہ دونوں ویب سائٹس غیر ملکیوں کے کنٹرول میں ہیں، پاکستان میں ان ویب سائٹس کا استعمال ملکی زرمبادلہ باہر لے جانے کا سبب ہو گا، پی سی بی اور کراچی کنگز نے پاکستانیوں کی رقوم باہر ادائیگی کی اجازت نہیں لی، ویب سائٹس کا استعمال ملکی زرمبادلہ ایکٹ 1947 کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی یقینی بنائے کہ پاکستانی ان ویب سائٹ کا استعمال نہ کریں، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ان ویب سائٹس کو ملکی زرمبادلہ کی ادائیگی غیر قانونی طریقے سے بھی نہ ہو، پی سی بی اپنے اور فرنچائز کے لیے عالمی سپانسر منتخب کرنے کے قواعد و ضوابط دے۔