راولپنڈی: (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز سکور کیے، زلمی کی جانب سے پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد محمد حارث اور بھانوکا راجاپکسا نے شاندار 115 رنز پارٹنر شپ قائم کی تاہم لنکن بلےباز 41 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد حارث نے 39 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، کپتان ٹام کوہلر کیڈمور 12، حسیب اللہ خان 10، عامر جمال 9، مجیب الرحمن 2 جبکہ جمی نیشم ایک رن بناسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 3، شاداب خان 2 جبکہ فہیم اشرف، فضل الحق فاروقی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
180 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 166 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوگئی، فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللہ 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، زلمی کے خرم شہزاد اور عامر جمال نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ جیت پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کریں، اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان ٹام کوہلر کیڈمور نے کہا کہ میچ میں کامیابی کیساتھ پلے آف مرحلے میں رسائی چاہتے ہیں تاکہ اعتماد بحال ہوسکے۔
اسلام آباد کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم طبیعت ناساز ہونے کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں، بابر کی جگہ ٹام کوہلر کیڈمور ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان انجرڈ ہونے کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں ، واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران اعظم خان کے بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی تھی۔