افغانستان کے خلاف بڑے کھلاڑیوں کو یاد کریں گے : ہیڈ کوچ عبدالرحمان

Published On 22 March,2023 04:10 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا ہے کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں بڑے کھلاڑیوں کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میں 15 برس سے کوچنگ کر رہا ہوں، کوچنگ میری جاب ہے، عمر گل اور محمد یوسف بڑے نام ہیں ہم مل کر کام کریں گے کوئی کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرے گا، کوچنگ خواب ہوتا ہے، میرے لیے عزت اور اعزاز کی بات ہے اور میرے لیے اچھا موقع ہے، فرق لانے کی کوشش کروں گا۔

عبدالرحمان نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے، افغانستان کے خلاف ہمیشہ کلوز مقابلہ ہوتا ہے، ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں ، ڈومیسٹک اور پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں ان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہے، ہر شعبے میں شامل کھلاڑی فارم میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا اچھا کمبی نیشن ہے، بڑے کھلاڑیوں کو ہم مس کریں گے ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں، تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، سب کو مل کر اچھا کھیلنا ہو گا تب ہی جیت سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں عبوری کوچ ہوں، میرا کردار اس سیریز کیلئے ہے، انٹرنیشنل لیول کی الگ تقاضے ہوتے ہیں میں گراس روٹ سے آیا ہوں مجھ پر دباؤ نہیں ہے بلکہ میں بہت پرجوش ہوں۔

Advertisement