ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس، پی سی بی اپنے مؤقف پر ڈٹ گیا

Published On 23 March,2023 10:25 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر ڈٹ گیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوا ، اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی شریک ہوئے، بھارت کی طرف سے اجلاس میں جے شاہ تھے۔

اجلاس میں بھارت نے پاکستان ٹریول نہ کرنے کے موقف کو دوہرایا، پاکستان نے پورا ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر لیجانے کا فیصلے کرنے پر ٹورنامنٹ سے نکل جانے کا کہہ دیا۔

سری لنکا کرکٹ نے ایشیا کپ کے تبادلے کا کہا لیکن پاکستان نے میزبانی بدلنے پر آمادگی ظاہر نہ کی، پاکستان اور بھارت دو جگہوں پر ایشیا کپ کے انعقاد کے لیے بظاہر رضامند ہیں،دو جگہوں پر ایشیا کپ کا انحصار لاجسٹکس پر ہو گا۔

اجلاس کے دوران پی سی بی کے سخت فیصلے کے بعد امکان ہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہو گا، تمام بورڈ ممبران نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چیئر مین نجم سیٹھی کے موقف سے اتفاق کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہونے کی صورت میں دونوں روایتی حریفوں (پاکستان اور بھارت) کے درمیان میچز نیوٹرل وینیو پر ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے تاحال فیصلہ نہ ہو سکا تاہم انگلینڈ، یو اے ای، عمان اور سری لنکا کے وینیو شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیوٹرل وینیو پر 5 میچز کرانے کی منصوبہ بندی ہے، پانچ میچز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کم از کم 2 میچز بھی شامل ہیں، 6 ملکی ایشیا کپ کے لیے پاکستان اور بھارت کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ایک گروپ میں ہیں، سری لنکا افغانستان اور بنگلہ دیش ایک گروپ میں ہیں۔
 

Advertisement