پہلا ٹی 20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

Published On 02 April,2023 06:11 pm

آکلینڈ: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں ہرا دیا۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، میزبان ٹیم بھی 8 وکٹوں پر 196 رنز بناسکی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 25 رنز بنائے، چرتھ اسالانگا نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، کوشل پریرا نے بھی ناقابل شکست 53 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی سکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 196 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز تین رنز پر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل مچل نے 66 اور ٹام لیتھم نے 27 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا، چیمپ مین نے 33 اور راچن روندرا نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ کی آخری گیند پر نیوزی لینڈ کو جب 7 رنز درکار تھے تو ایش سوڈھی نے چھکا لگا کر میچ ٹائی کردیا اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سپر اوور میں پہلے بیٹنگ کی اور صرف 8 ہی رنز بناسکی، سری لنکا نے 9 رنز کا ہدف 3 گیندوں پر پورا کرکے سیریز میں ایک صفر کی کامیابی حاصل کرلی۔