کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین نے دعوٰی کیا ہے کہ جنگ میں روسی حملے کے نتیجے میں یوکرین کے 262 ایتھلیٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یوکرین کے وزیر کھیل وادیم ہٹسیت نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی حملوں میں 363 سپورٹس کے ادارے تباہ اور 262 ایتھلیٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔
یوکرین کے دورے پر آئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جمناسٹک کے صدر موریناری واتنابے سے ملاقات کے دوران وادیم ہٹسیٹ کا کہنا تھا کہ روس کے کسی ایتھلیٹ کو اولمپکس یا دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب روسی ایتھلیٹس اس جنگ کی حمایت کرتے ہیں اور اس جنگ کی حمایت میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کرتے ہیں، تاہم دوسری جانب بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کی بین الاقوامی مقابلوں میں واپسی کی سفارش کی ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے یوکرین کو 15.6 ارب روپے بطور قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکیوٹیو بورڈ نے یوکرین کیلئے 15.6 ارب ڈالر کے چار سالہ قرض پروگرام کی منظوری دی ہے۔