اپنی ایجاد میں لوگوں کا جنون دیکھ کر دھچکا لگتا ہے: مارٹن کوپر

Published On 02 April,2023 05:24 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) موبائل فون ایجاد کرنے والے امریکی انجینئر مارٹن کوپر نے اعتراف کیا کہ ان کی ایجاد کردہ یہ ڈیوائسز اب ایک مسئلہ کھڑا کر رہی ہیں، لوگ اس ڈیوائس کے استعمال میں بہت زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں۔

94 سالہ انجینئر مارٹن کوپر نے کہا کہ وہ حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک شخص کو سڑک پار کرتے ہوئے اپنے سیل فون کو دیکھتے ہوئے دیکھا، یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ لوگوں کے دماغ موبائل فون کی وجہ سے ماؤف ہو چکے ہیں۔

خیال رہے مارٹن کوپر خود ایپل کا جدید ترین آئی فون ماڈل استعمال کرتے ہیں اور ایپل واچ اور ہیڈ فون بھی پہنتے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ میں کبھی نہیں سمجھوں گا کہ سیل فون کا استعمال ایسے کیا جائے جس طرح میرے پوتے اور پڑپوتے کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کوپر نے تاریخ میں سیل فون کا استعمال کرتے ہوئے پہلی کامیاب موبائل فون کال 3 اپریل 1973 کو اس وقت کی تھی جب وہ "Motorola" کمپنی میں کام کر رہے تھے، موٹرولا کمپنی نے اپنی حریف کمپنیوں کے مقابلے میں اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔
 

Advertisement