کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کے زیرِ انتظام ریڈیو سٹیشن ’’صدائے بانوان‘‘ کو ماہ رمضان کے تقدس اور احترام کا خیال نہ رکھنے اور مملکت کے قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر بند کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کے اطلاعات اور ثقافت کے ڈائریکٹر معیز الدین احمدی نے بتایا کہ صوبہ بدخشاں میں خواتین کے زیرِ انتظام ریڈیو اسٹیشن کو رمضان کے مقدس مہینے میں موسیقی کا پروگرام نشر کرنے پر بند کر دیا گیا۔
معیز الدین احمدی نے مزید کہا کہ مذکورہ ریڈیو نے رمضان المبارک کے دوران گانے اور موسیقی نشر کرکے امارت اسلامیہ کے قوانین و ضوابط کی متعدد بار خلاف ورزی کی۔
طالبان حکومت کے ڈائریکٹر اطلاعات اور ثقافت نے یہ بھی کہا کہ اگر ریڈیو سٹیشن کی انتظامیہ امارت اسلامیہ افغانستان کی پالیسی کو قبول کرتا ہے اور دوبارہ ایسی حرکت نہ کرنے کی ضمانت دیتا ہے تو اسے دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیدیں گے۔
دوسری جانب صدائے بانواں سٹیشن کی سربراہ ناجیہ سوروش نے کسی بھی قانون، اصول یا روایت کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو کی بندش کا کوئی جواز نہیں تھا، یہ اظہار رائے پر پابندی کی ایک سازش ہے۔