افغانستان کے صوبے بلخ میں پھر دھماکہ، ایک جاں بحق، 5 زخمی

Published On 11 March,2023 03:41 pm

کابل : (ویب ڈیسک ) افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں آج پھر دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بلخ کے دوسرے پولیس ڈسٹرکٹ میں ایک دھماکہ ہوا ،جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ  زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے سے بڑی تعداد میں اموات کا امکان نہیں ہے تاہم تفصیلات سے بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

خیال رہے طالبان حکام جمعرات کو ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں صوبائی گورنر داؤد مزمل اور دو دیگر افراد جاں بحق ہوگئے تھے، یہ دھماکہ گورنر کے دفتر میں کیا گیا تھا، اس دھماکے کی ذمہ داری تنظیم ’’داعش‘‘ نے قبول کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :افغان صوبے بلخ میں خودکش دھماکہ ، گورنر سمیت 2افراد جاں بحق

داؤد مزمل کو پہلے مشرقی صوبے ننگرھار کا گورنر تعینات کیا گیا تھا جہاں انہوں نے داعش کے خلاف کارروائیوں کی سربراہی کی تھی۔

افغانستان پر طالبان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد خوکش حملوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے سکیورٹی کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔
 

Advertisement