کابل: (ویب ڈیسک) قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی مطلق بن ماجد القحطانی لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندی پر طالبان سے مذاکرات کے لیے کابل پہنچ گئے اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کے خارجہ امور کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے بتایا کہ قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی مطلق بن ماجد القحطانی نے افغانی وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں سیاسی ہم آہنگی، تعلقات کی مضبوطی اور انسانی امداد پر بات چیت کی۔
قطر کے خصوصی ایلچی نے اپنی حکومت کی جانب سے خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور دوحہ میں امریکا طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدہ پر عمل درآمد کی رفتار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ قطر میں 2012 سے طالبان کا سیاسی دفتر قائم تھا اور 2021 میں اقتدار میں آنے سے قبل اسی دفتر میں امریکا اور طالبان کے درمیان ملاقاتیں ہوئی تھیں اور ایک عالمی معاہدہ طے پایا تھا۔