اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے قریبی اور برادرانہ تعلقات، مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہیں۔
قطر کے سفیر سعود بن عبدالرحمٰن الثانی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے قطر کے عوام اور قیادت کی طرف سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو سراہا اور قطر میں فیفا 2022 ء ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر قطری قیادت کو مبارکباد دی۔
انہوں نے افرادی قوت کے شعبے میں قطر کی جانب سے کی گئی قابل ذکر اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2022 ءکے لئے سکیورٹی اہلکار فراہم کرکے ورلڈ کپ میں مدد کرنے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہے، یہ فخر کی بات ہے کہ ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹ بال ’’الرحلہ‘‘ میڈ ان پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون ہے، قطر 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی اور پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیان طے پانے والے مفاہمت اور تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم نے نومبر 2022 میں اپنے دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو ئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ بھی بڑھی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے قابل اعتماد دوست تھے جن کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جائے گا۔
وزیر اعظم اور چینی سفیر نے حالیہ اعلیٰ سطحی دورے کے اہم نتائج پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیان بیجنگ میں طے پانے والے مفاہمت اور تعاون کے معاہدوں کے بہترین نتائج کے لئے معاہدوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
حکومت آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ایشیا پیسفک آئی سی ٹی ایوارڈز تقریب میں انہوں نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل شعبہ میں بااختیار بنانے کا معاملہ اٹھایا ہے، ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہمارے نوجوانوں کو بڑے تصورات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی برآمدات کی استعداد اربوں ڈالر ہے، حکومت برآمدات بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔