اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لئے مذہبی رواداری اور پر امن بقائے باہمی کے اصولوں کی ترویج بے حد ضروری ہے۔
وزیراعظم سے داؤدی بوہرا کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفدل سیف الدین کے نمائندہ کومیل یونس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ داؤدی بوہرا برادری کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات ہیں، داؤدی بوہرا برادری ایک پر امن جماعت ہے اور اس کے رفاہی کام متاثر کن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مذہبی رواداری اور برداشت بانیِ پاکستان قائدِ اعظم کے وہ دیرینہ اصول تھے جو پاکستان کی بنیادوں کا حصہ ہیں اور پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی انہی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر بوہرا برادری کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے داؤدی بوہرا برادری کو سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت دی۔
اس موقع پر وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے تمام منصوبوں میں سولر توانائی کے استعمال کے بارے میں بتایا جس کی استعداد 6 میگاواٹ ہے، وزیرِ اعظم نے ان کے اس اقدام کی تعریف کی۔