وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

Published On 05 December,2022 08:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کے دورے پر آئی مہمان انگلینڈ اور میزبان کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

دونوں ٹیموں کو عشائیہ کیلئے خصوصی طور پر وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ٹیموں کا خود استقبال کیا۔ عشائیہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز بھی شریک تھے۔

عشائیہ کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جیتے پرمبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے انگلش ٹیم کا 22 سال بعد پاکستان آمد پرشکریہ بھی ادا کیا۔

 عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 17سال بعد انگلش ٹیم کی پاکستان واپسی ایک تاریخی اقدام ہے۔ بڑی قربانیوں کےبعد پاکستان میں امن قائم ہوا ہے۔ انگلش ٹیم کوپہلے ٹیسٹ میں کامیابی مبارک ہو، پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انگلش کپتان بین سٹوکس سیلاب متاثرین کیلئے آگے آئے ان کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ بابراعظم کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ بابر کا گریٹ فیوچرہے۔

عشائیہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کپتان بابر اعظم اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کیلئے رابرٹ کی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
 

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عشائیہ کے موقع کی تصاویر بھی شیئرکی گئیں۔

 

Advertisement