ارجنٹینا کی شاندار جیت پر لیاری میں جشن، صدر عارف علوی کی مبارکباد

Published On 18 December,2022 11:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ارجنٹائن کی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میچ میں شاندار جیت پر کراچی کے علاقہ لیاری میں فٹبال کے دیوانوں نے جشن منایا جبکہ صدر مملکت ڈٓاکٹر عارف علوی نے ارجنٹینا ٹیم کو فٹبال ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی۔

کراچی میں لیاری سمیت مختلف علاقوں میں فٹبال کے دیوانوں نے بڑی سکرین پر فٹبال ورلڈ کپ 2022 کا فائنل میچ دیکھا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کی جیت پر فٹبال کے دیوانوں نے بھی خوب جشن منایا۔

لیاری کے مکینوں اور شائقین فٹ بال نے علاقہ بھر میں آتش بازی کی، لیاری والوں نے "میسی" کی شاندار کارکردگی پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں ایونٹ کو شاندار ورلڈ کپ کہا اور ارجنٹائن کو فٹ بال کا عالمی چیمپیئن بننے پر مبارک باد دی۔

صدر مملکت عارف علوی نے فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے شاندار انعقاد پر دوست ملک قطر کو بھی مبارکباد دی، عارف علوی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میسی کے گول شاندار رہے اور فرانس بھی اچھا کھیلا۔

عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ فرانس دو بار پیچھے رہ کر پھر برابر آیا، امباپے کی ہیٹرک لوگوں کو ہمیشہ یاد رہے گی۔
 

Advertisement