انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں امریکہ کو سبق سکھائے گی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ انتخابات سے قبل حزب اختلاف سے ملاقات کرنے پر امریکی سفیر کو شرم آنی چاہیے، آپ ایک سفیر ہیں۔
طیب اردوان کی جانب سے مذکورہ بالا بیان ترکی میں امریکی سفیر جیف فلیک کی اپوزیشن ریپبلکن پیپلز پارٹی (CHP) کے سربراہ کمال کلیداروگلو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اس ملاقات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا کو سبق سکھائیں گے، اُسے عقل استعمال کرنی چاہیے اور شرم آنی چاہیے۔
اپنے اتحادی، نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی (MHP) کی یوتھ برانچ، الٹرا نیشنلسٹ آئیڈیلسٹ ہرتھز گروپ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے ترکی میں امریکی سفیر جیف فلیک اور حزب اختلاف کے سربراہ کی ملاقات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اردوان کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر جا کر مسٹر کمال سے ملاقات کرتا ہے، شرم آنی چاہیے، عقل استعمال کریں، آپ ایک سفیر ہیں، یہاں آپ کا رابطہ صرف صدر سے ہونا چاہیے، صدر نے امریکی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دروازے اب مکالمے کے لیے بند ہو گئے ہیں۔
آپ مجھ سے اب نہیں مل سکتے اور کیوں؟ یہ آپ کو معلوم ہو جائے گا، ہمیں امریکا کو سبق سکھانا ہے، ایک سفیر کے فرائض کیا ہوتے ہیں اور وہ کیسے کام کرتا ہے، یہ آپ جان جائیں گے۔