زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر پاک بحریہ کا دوسرا جہاز ترکیہ پہنچ گیا

Published On 23 March,2023 06:16 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی بڑی کھیپ لے کر پاک بحریہ کا دوسرا جہاز ترکیہ کی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس معاون تقریباً 500 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ کی بندرگاہ مرسین پہنچا ہے، امدادی سامان میں زلزلہ متاثرین کیلئے موسم سرما کے خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں، پی این ایس معاون ترکیہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے بعد شام کیلئے روانہ ہوگا۔

پاک بحریہ کے دونوں جہازوں نے مجموعی طور پر تقریباً 1500 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام میں پہنچایا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ پی این ایس معاون پر یوم پاکستان کی سادہ اور پر وقار تقریب کا اہتمام زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طور پر کیا گیا، تقریب میں ترکیہ کے وزیر دفاع، مرسین کے گورنر، پاکستانی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔

Advertisement