برسلز: (ویب ڈیسک) ترکی کی پارلیمان کی منظوری کے بعد یورپی ملک فن لینڈ باقاعدہ طور پر نیٹو (نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن) اتحاد کا 31واں رکن ملک بننے جارہاہے۔
سربراہ نیٹو جینز سٹولٹن برگ نے فن لینڈ کی شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فن لینڈ کے پاس انتہائی قابل فورسز، جدید صلاحیتیں اور مضبوط جمہوری ادارے ہیں لہٰذا فن لینڈ نیٹو اتحاد میں بہت اچھا اضافہ ہوگا۔
جینز سٹولٹن برگ نے صدر فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت کی راہ میں حائل حتمی رکاوٹ دور کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ میں آنے والے دنوں میں نیٹو ہیڈکوارٹر پر فن لینڈ کا جھنڈا بلند کرنے کا منتظر ہوں ایک ساتھ مل کر ہم زیادہ مضبوط اور محفوظ ہوں گے۔
واضح رہے کہ ترکی نے کئی ماہ تک فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کی جس کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوا، فن لینڈ نے گذشتہ سال نیٹو میں شمولیت کی درخواست دی تھی۔
دوسری جانب روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گرشکو نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ماسکو فن لینڈ کے نیٹو کا رکن بننے پر اپنے دفاع کو اور مضبوط بنا کر جواب دے گا۔