روس کے ڈینیل میدویدوف نےپہلی مرتبہ میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

Published On 03 April,2023 10:59 pm

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) روس کے نامور ٹینس کھلاڑی ڈینیل میدویدوف نے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔

27 سالہ روسی کھلاڑی نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں اطالوی حریف کھلاڑی جینک سنر کو شکست دے کر رواں سال کا چوتھا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میامی اوپن 2023 کے دلچسپ مقابلے ہارڈ روک سٹیڈیم، میامی گارڈنز میں جاری ہیں، مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں روسی ٹینس سٹار ڈینیل مدویدیف اور اٹلی کے جینک سنر آمنے سامنے تھے جس میں دونوں کھلاڑیو ں کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔

تاہم ڈینیل میدویدوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف اطالوی کھلاڑی جینک سنر کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 3-6 سے مات دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

یہ رواں سال میں روسی ٹینس سٹار ڈینیل میدویدوف کا چوتھا اے ٹی پی ٹائٹل ہے جبکہ ماسٹرز 1000 سیریز کا پانچوں ہے، قبل ازیں اٹلی کے جینک سنر نے سیمی فائنل میں ورلڈ نمبر ون سپین کے کارلوس الکاراز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6 ، 4-6 اور 2-6 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

پہلے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 4 روس کے ڈینیل میدویدوف نے ہم وطن حریف کیرن خچانوف کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 6-7 ، 6-3 اور 3-6 سے فتح حاصل کرکے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق عالمی نمبر1 ڈینیل میدویدوف نے پہلی مرتبہ میامی اوپن کا ٹائٹل حاصل کیا ہے، سابق عالمی نمبر1 ڈینیل میدویدوف نے کہا ہے کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں جس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔
 

Advertisement