فلوریڈا : (ویب ڈیسک ) سپین کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ایک ، ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز، امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز ، روسی کھلاڑی کیرن خچانوف اور اٹلی کے جینک سنراپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئےمیامی اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے، مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے راؤنڈ میں19 سالہ دفاعی چیمپئن ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی ٹامی پال کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کالوس الکاراز کو اے ٹی پی رینکنگ میں سرفہرست رہنے کے لیے میامی میں کے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا لازم ہوگا۔
امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے بھی ٹاپ 16 رائونڈ پار کر لیا، انہوں نے چوتھے راؤنڈ میں ڈنمارک کے ہولگر رونے کو سیدھے سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دی ۔
روس کے ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یونانی کھلاڑی اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ سٹیفانوس کو ٹائی بریک پر 6-7(4-7) اور 4-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
ایک اور میچ میں اٹلی کے جینک سنر نے حریف روسی کھلاڑی آندرے روبلوف کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے کامیابی حاصل کی ۔