امریکا میں ہونیوالے ٹینس ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کاافسوس نہیں : جوکووچ

Published On 22 March,2023 12:53 pm

لندن : (ویب ڈیسک ) سربیا کے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کاکہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کے باعث امریکا میں ہونیوالے ٹینس ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کاکوئی پچھتاوا یا افسوس نہیں ہے ۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی ٹینس سٹار نواک جوکووچ نے کہا کہ انڈین ویلز اور میامی اوپن ٹورنامنٹس چھوڑ دیے، امید ہے کہ یو ایس اوپن کے لیے اجازت دے دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکا ویکسی نیشن سے متعلق پالیسی رواں سال تبدیل کرے گا، یو ایس اوپن میرے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے۔

جوکووچ نے کہا کہ میں نے زندگی میں سیکھا ہے کہ افسوس کرنے سے آپ پیچھے رہ جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کورونا ویکسی نیشن کا معاملہ ، نواک جوکووچ ایک اور ٹورنامنٹ سے دستبردار

35 سالہ ٹینس سٹار کا کہنا ہے کہ افسوس آپ کو ماضی میں رکھتا ہے میں ایسا نہیں چاہتا، میں مستقبل میں بھی نہیں رہنا چاہتا، میں حال ہی میں جینا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ سپین کے ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز نے انڈین ویلز ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرکے نواک جوکووچ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، وہ عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں ۔

خیال رہے کہ نواک جوکووچ ویکسی نیشن نہ کروانے کے باعث انڈین ویلز ماسٹرز ٹورنامنٹ سے بھی دستبردار ہوگئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں :ویکسی نیشن کا معاملہ ، نوواک جوکووچ کو ایک بار پھرٹورنامنٹ سے روک دیا گیا

خیال رہے کہ جوکووچ کو جنوری 2022 میں کوویڈ 19 ویکسینٹیڈ نہ ہونے کی وجہ سے حراست میں لے کر ملک سے واپس بھیج دیا گیا تھا، تاہم ان پر ویزے کے لیے عائد تین سال کی پابندی ختم کردی گئی اور 2023 کے آسٹریلین اوپن میں حصہ لیا ۔
 

Advertisement