اسلام آباد : ( ویب ڈیسک ) اسلام آباد ٹینس کمپلیکس کے زیر اہتمام ایمپیٹس کے تعاون سے کھیلے گئے آئی ٹی سی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں حمزہ عاصم نے مردوں اور ماہ رخ ساجد نے خواتین کا ٹائٹل جیت لیا۔
ایونٹ کے مردوں کے سنگلز فائنل میچ میں حمزہ عاصم نے یاور علی کو 3-6، 6-4 اور 6-10 سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ خواتین کے فائنل میں ماہ رخ ساجد نے لالہ رخ ساجد کو 4-8 سے شکست دے کر لیڈیز سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
علاوہ ازیں مینز ڈبلز کے فائنل میں یاور علی اور زلان خان نے مرتضی خان اور امین خان کو 3-6، 6-3 اور 7-10 سے ہرا دیا جبکہ بوائز انڈر 18 کے فائنل میں محمد سالار نے حاذق عاصم کو 3-6، 7-5 اور 6-10 سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر حسن بیگ اور ڈیوس کپ کوچ فضل سبحان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔