کیلیفورنیا : (ویب ڈیسک ) سپین کے نامور نوجوان ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز نے اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ، اس فتح کے بعد وہ عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں ۔
انڈین ویلز کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں 19 سالہ ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کیا اور حریف روسی ٹینس سٹار ڈینیئل میدویدیف کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل میچ 45 منٹس تک جاری رہا ، اس فتح کے بعد ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے اے ٹی پی ایونٹس میں مردوں کی سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔
کارلوس الکاراز نے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ انڈین ویلز اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتا جبکہ تیسرا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ۔
کارلوس الکاراز نے اپنے کیریئر کے تیسرے ماسٹرز 1000 ٹائٹل اور مجموعی طور پر آٹھویں اے ٹی پی ٹائٹل کےبعد عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔
یہ پہلا موقع ہے جب کالوس الکاراز نے کوئی سیٹ ہارے بغیر ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیتا ہے۔