اسلا م آباد : (ویب ڈیسک ) اسلام آباد ٹینس کمپلیکس کے زیر اہتمام اور ایمپیٹس کے تعاون سے انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ ( آئی ٹی سی ) اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں لالہ رخ اور ماہ رخ لیڈیزسنگلز کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں ۔
گزشتہ روز اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے لیڈیزسنگلزکے پہلے سیمی فائنل میچ میں لالہ رخ نے شندانہ کو 2-8 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی اور دوسرے سیمی فائنل میں ماہ رخ ، عمارہ خان کو 2-8 سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
مینز سنگلز کے مقابلوں میں حمزہ عاصم ، زلان خان، یاور علی اور محمد سالار نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ڈیوس کپ کوچ فضل سبحان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 9 کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیزسنگلز، بوائز انڈر 18، لیڈیز انڈر 18، بوائز انڈر 14، گرلز انڈر 14،بوائز اینڈ گرلز انڈر 12 اور بوائز اینڈ گرلز انڈر 10 کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔