لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کوچ محمد یوسف قومی کپتان بابر اعظم کو مزید ریکارڈز توڑتے دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ بابر اعظم نہ صرف میرے بلکہ دنیائے کرکٹ کے تمام ریکارڈز اپنے نام کرسکتے ہیں، زبردست فارم اور سٹائل کی وجہ سے انہوں نے بہت جلد اپنا مقام بنالیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر کو کھیلتا دیکھ کر ہمیشہ ہی خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان کے پاس ایک ورلڈ کلاس بیٹر موجود ہے، جب وہ میرے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے تو مجھے بہت اچھا لگے گا، میں نے بابرکے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے تجربات بھی شیئر کیے، ان میں سیکھنے کی بہت لگن ہے، اگر بابر پر دباؤ ہو تو اس کا اثر پوری ٹیم پر پڑے گا۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ محمد رضوان بھی بہت جلد کنڈیشز سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستانی بیٹنگ لائن کی کارکردگی اتنی بری نہیں جتنی تنقید کی جاتی ہے، ہم کھلاڑیوں کوجتنا سپورٹ کریں گے وہ اتنا ہی بہتر کھیل پیش کرنے کے قابل ہوں گے۔
سابق بیٹنگ کوچ نے کہا کہ صائم ایوب، طیب طاہر اور حسیب اللہ نے بھی مجھے اپنی بیٹنگ سے بہت متاثر کیا، یہ تینوں بیٹرز آگے چل کربہت نام کما سکتے ہیں، ان کوایک مشورہ ہے کہ ہردن کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کریں، جتنی اب محنت کریں گے اتنا ہی مستقبل میں فائدہ ہوگا۔
محمد یوسف نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے بعد اب احسان اللہ، زمان خان، عباس آفریدی جیسے نوجوان باؤلرز کا سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پیس باؤلنگ لائن اپ بہت زبردست ہے، ون ڈے اور ٹی 20 میں ٹیم کی پرفارمنس بہتر البتہ ٹیسٹ کرکٹ پر زیادہ توجہ دینا ہو گی، ضروری ہے کہ زیادہ تعداد میں کوالٹی سپنرز سامنے آئیں۔