لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کے لیے بھارت کی جانب سے ٹیم بھیجنے سے مسلسل انکار کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے سری لنکا منتقل کردیا جائے، ا س سلسلے میں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے رواں ماہ کے آخر تک میزبان ملک کا اعلان متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان اور یو اے ای ٹیم بھیجنے کو تیار نہیں، ستمبر میں یو اے ای میں موسم انتہائی گرم رہتا ہے، ورلڈ کپ سے پہلے یو اے ای میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر باقی ممبرز ممالک نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے گزشتہ اجلاس میں عمان نے بھی ایشیاء کپ کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے سری لنکا ایک مناسب وینیو ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان بھی ایشیا کپ پاکستان سے منتقل کرنے کی حمایت کرچکے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے ابھی اس ضمن میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے کہ ایشیا کپ کی منتقلی کی صورت میں پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوگی یا نہیں۔
قبل ازیں بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پی سی بی نے بھارت میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی چیئرمین کی اس تجویز پر بھی کسی رکن ملک نے مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا کہ پاکستانی ٹیم اپنے میچ پاکستان میں اور بھارت متحدہ عرب امارات میں کھیلے۔