کلین سویپ کا خواب ادھورا، پاکستان کو آخری ون ڈے میں کیویز کے ہاتھوں شکست

Published On 07 May,2023 07:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی, پاکستان نے سیریز چار ایک سے اپنے نام کرلی۔

پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 299 رنز بنا کر آخری اوور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افتخار احمد کی 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کام نہ آئی اور پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوورز میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بدترین رہا،شان مسعود 7، کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 9 ، فخر زمان 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ آغا سلمان57، شاداب خان 14 ، اسامہ میر 20،محمد وسیم 6 رنز جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ 87 ، ٹام لیتھم 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارک چیپ مین 43، میک کونچی 26 ، ہینری نکلس 23 اور ٹام بلنڈل 15 رنز بنا سکے۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 3، شاداب خان اور اسامہ میر نے 2،2 جبکہ محمد وسیم اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

واضح رہے کہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے 4 میچ پاکستان جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔