نجم سیٹھی کی رینکنگ میں قومی ٹیم کی پہلی پوزیشن پر قوم کو مبارکباد

Published On 06 May,2023 01:31 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے، کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ سٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں ، مجھے اس ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب یہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی، یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں کامیابی حاصل کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی رینکنگ میں تاریخ میں پہلی بار پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔