لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی 8 ٹیمیں مکمل ہوگئیں۔
جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ آئرلینڈ اور بنگلادیش کا چیلمسفورڈ میں مسلسل بارش کے باعث پہلا ون ڈے میچ نہ ہوسکا۔
آئی سی سی کے مطابق آئرلینڈ کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات ختم ہو گئے جبکہ خوش قسمت جنوبی افریقا آخری وقت پر سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر 8 ویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے براہ راست کوالیفائی کر گئی۔
جنوبی افریقا نے ہوم سیریز میں نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی اور ویسٹ انڈیز سے آگے نکل کر 8 ویں نمبر پر پہنچی تھی۔
آئرلینڈ کو براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن کرنے کے لیے بنگلادیش کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرنا تھی۔
آئرلینڈ کی ٹیم اب زمبابوے میں کوالیفائر کھیلے گی جس میں 10 ٹیمیں شامل ہیں۔
کوالیفائر میں شامل ٹیمیں
ویسٹ انڈیز، سری لنکا، زمبابوے، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سکاٹ لینڈ، عمان، نیپال، یو ایس اے اور یو اے ای کوالیفائر میں شامل ہیں جبکہ کوالیفائر کی ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بھارت، بنگلادیش، پاکستان، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا نے ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا، آئی سی سی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔