پاکستان کو ورلڈ کپ میں لازمی شرکت کرنی چاہیے، وہاب ریاض

Published On 16 May,2023 02:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے بھارت کے ساتھ سیاسی معاملات میں خرابی کی وجہ سے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی مخالفت کر دی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیاسی معاملات چلتے رہتے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ پاکستان ورلڈ کپ سے دستبردار ہو جائے، پاکستان کو میگا ایونٹ میں لازمی شرکت کرنی چاہیے، بھارت کو بھی چاہیے کہ کھیل کو سیاست کی نذر نہ کرے۔

وہاب ریاض نے کہا بھارت کو یہاں آکر کھیلنا چاہیے، سب بڑی ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں، پاکستان میں ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، پاکستان میں پی ایس ایل کا بھی کامیاب انعقاد ہو چکا ہے، یہاں کوئی سکیورٹی تھریٹس نہیں ہیں۔

ایشیا کپ تناز ع پر بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان نے جو ہائبرڈ فارمولا دیا ہے وہ بہترین ہے، پاکستان میں بھی میچز ہونے چاہئیں۔

Advertisement