کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان جولائی میں وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی نیپال میں کرے گا۔
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی ترجمان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان میں ہی کرنا تھی لیکن موجودہ حالات میں غیر ملکی ٹیموں کو این او سی ملنے کی دشواری کی وجہ سے نیپال میں ایونٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ ایک کامیاب ایونٹ ہوگا اور اس کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کھٹمنڈو کی 2 گراؤنڈز پر میچز 11 جولائی سے شروع ہوں گے، ایشیا کپ کی تیاری کیلئے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کا کیمپ آئندہ ہفتے شروع ہوگا جبکہ جون میں پاکستان افغانستان وہیل چیئرکرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا، یہ سیریز اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، نیپال، بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔