وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

Published On 16 May,2023 11:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کی حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا۔

 

ترجمان مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ تشریف لائیں، تمام عازمین حج شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ سے ویکسین اور ضروری ادویات کی پیکنگ کروا لیں، عازمینِ حج کو بذریعہ ویب سائٹ اور ایس ایم ایس اطلاع کی جا رہی ہے۔

شیڈول کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے پہلی حج پروازیں 21 مئی کو روانہ ہوں گی، سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 22 مئی، ملتان 23 مئی، کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: حجاج کرام کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی: وفاقی وزیر مذہبی امور

رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون جبکہ سکھر سے 7 جون کو روانہ ہو گی، آخری حج پرواز یں 20 جون کو روانہ ہو گی۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق حاجی کیمپوں میں گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی حفاظتی ویکسین لگانے کا آغاز 17 مئی سے ہو گا، وزارت کے اشتراک سے NCOC نے حاجی کیمپوں میں مفت کرونا ویکسین کاؤنٹر قائم کر دیئے۔

پرواز سے 24 گھنٹے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، شناختی لاکٹ وغیرہ حاجی کیمپوں سے فراہم کیے جائیں گے، حج کی ادائیگی کے بعد پروازوں کی واپسی 4 جولائی سے شروع ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: عازمین حج کیلئے ادویات اعلیٰ معیار کی ہونی چاہئیں، سینیٹر طلحہ محمود

حج سے قبل فلائٹ آپریشن 19 جون تک جاری رہے گا، پہلے 12 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی، ترجمان کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے تحت 82 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے قومی بینکوں کے بوتھس کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ قومی بینکوں کا عملہ حاجیوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔

یہ بھی پڑھیں: عازمین حج کے پاس سے نسوار ملی تو سخت سزا دی جائیگی : سعودی حکام کا انتباہ

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حاجی اﷲ کے مہمان ہیں، ان کو خدمات کی فراہمی ہم سب پر فرض ہے، زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر حاجیوں کی دعائیں لی جائیں گی۔