اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ رواں سال جی ٹوئنٹی کانفرنس کا بھارت میں انعقاد مقبوضہ کشمیر پر اپنا مزید تسلط جمانے کی سازش کا حصہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس سال جی ٹوئنٹی کانفرنس کا انعقاد بھارت میں ہو رہا ہے یہ بھارت نے دانستہ کوشش کی ہے کہ یہ کانفرنس مقبوضہ کشمیر میں ہو، بھارت کی کوشش یہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا مزید تسلط جما سکے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی کوئی داستان نہیں چھوڑی، پر امن تحریک کو کچلنے کیلئے تشدد کا ہر راستہ اپنایا۔
وزیر اعظم کے مشیر نے مزید کہا ہے کہ بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کم نہ کر سکا، اقوام عالم نے کشمیریوں سے ان کے حق خودارادیت دلوانے کا وعدہ کیا ہوا ہے جو ان کو مل کر رہے گا، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ہر فورم پر آواز اٹھاتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے اس کانفرنس میں شریک ہونے والے ممالک کو خطوط لکھے ہیں، ہمارے فارن مشنز بھی اس پر کام کر رہے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا جی ٹوئنٹی کانفرنس بارے اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے، دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت کے عزائم کیا ہیں، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں جی ٹوئنٹی کے بھارت میں انعقاد پر بھرپور 3 روزہ احتجاجی مہم شروع کرے گی، پیپلز پارٹی جی 20 کانفرنس کیخلاف تین دن احتجاج کرے گی، بلاول بھٹو زرداری 21,22,23 مئی کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، پیپلز پارٹی کے رہنما 21 مئی کو مظفر آباد جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مہاجرین سے ملاقاتیں کریں گے، پیپلز پارٹی 23 مئی کو باغ میں احتجاجی جلسہ کریگی، پیپلز پارٹی کی ترجیحات مسئلہ کشمیر ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہے، بلاول بھٹو کو مسئلہ کشمیر ورثے میں ملا ہے، آزاد کشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے کہ وہ جلسے میں شریک ہوں، بلاول بھٹو زرداری دنیا میں جہاں بھی جاتے ہیں کشمیر کی بات کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے مزید کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ترجیحات کشمیر ہیں، ان کی والدہ بی بی شہید نے بھی اپنی زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف رکھی تھی، جب بھی کشمیر کی بات ہوتی ہے تو بھارت کو تکلیف ہوتی ہے، کشمیر کی جب بات کریں تو یہاں بھی ایک سیاسی جماعت کو تکلیف ہوتی ہے، کشمیریوں نے اپنا مقدمہ اپنے خون سے زندہ رکھا ہے۔