مظفرآباد: ( محمد اسلم میر سے ) پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسجد نبویؐ اور مسجد قبا کے امام الشیخ محمد بن خلیل القاری سعودی عرب میں انتقال کر گئے، وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج شام مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں ادا کی جائے گی، آپ کے والدین کا تعلق آزاد جموں وکشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد سے 21 کلو میٹر دور پٹہکہ کے گاؤں کڑیاں دراڑ سے تھا جو 1962 میں سعودی عرب منتقل ہوئے تھے۔
محمد بن خلیل القاری 1975 میں مکہ میں پیدا ہوئے، آپ نے قرآن پاک حفظ کرنے کے بعد مدینہ یونیورسٹی سے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی، محمد بن خلیل القاری گزشتہ دو دہایوں سے زائد عرصہ سے مسجد قبا کے مستقل امام تھے۔
2016 میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آپ کو مسجد نبویؐ کا امام بنا دیا، اسس سال آپ نے مسجد نبویؐ میں رمضان المبارک کے دوران نماز تروایخ میں قرآن پاک بھی سنایا تھا، یوں آپ پہلے پاکستانی بنے جنہوں نے مسجد نبویؐ میں بطور امام فرائض انجام دیئے۔
الشیخ محمد بن خلیل القاری مشہور عالم الدین الشیخ جمیل الرحمن معلم مسجد نبویؐ کے چچا زاد بھائی اور سابق ضلع قاضی مظفرآباد مفتی محمد سلیمان مرحوم کے بھتیجے تھے۔
وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق، صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، صدر مسلم لیگ نواز شاہ غلام قادر اور چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ محمد سعید اکرم نے مسجد نبویؐ اور مسجد قبا کے امام محمد بن خلیل القاری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو بھی سراہا۔