سٹار فٹبالر لیونل میسی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے

Published On 02 May,2023 08:57 am

ریاض: (ویب ڈیسک) گزشتہ برس ارجنٹائن کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے سٹار فٹبالر لیونل میسی چھٹیاں منانے فیملی کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ مجھے سعودی عرب کے سیاحتی سفیر لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب میں دوسری چھٹیاں منانے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں سعودی وزیر سیاحت نے لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کی سعودی عرب میں سرگرمیوں کی کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں فٹبالر کو فیملی کے ہمراہ دھوپ سے لطف اندوز ہوتے، کیرم بورڈ گیم کھیلتے اور اپنے بچوں کے ساتھ ہرن کو چارہ ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سعودی وزارت سیاحت کے پروموشنل برانڈ  وزٹ سعودی  کے سفیر ہیں، میسی نے گزشتہ سال مئی میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی کا سعودی فٹبال کلب النصر سے معاہدے پر غور