لاہور: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش اور سری لنکا نے ایشیا کپ کیلئے پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایشیا کپ کا پہلا راؤنڈ پاکستان میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پر بذریعہ ای میل پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دہانی کروا دی ہے جبکہ انڈین کرکٹ بورڈ اور پی سی بی کا تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آئندہ دو روز میں دبئی میں متوقع ہے جس میں اے سی سی کے سربراہ جے شاہ بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں پی سی بی کے نئے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت ہوگی، ایشین کرکٹ کونسل کے داخلی اجلاس کے بعد حتمی اجلاس بلایا جائے گا، حتمی اجلاس بھی رواں ماہ کے آخری ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ٹکٹوں کی فروخت کی بہتر آمدن کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا انعقاد کروانا چاہتا ہے، یو اے ای میں ٹکٹوں کی فروخت سری لنکا اور بنگلہ دیش کی نسبت زیادہ مالی فائدہ پہنچا سکتی ہے، ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کے بعد پی سی بی نیوٹرل وینیو پر بھی لچک دکھا سکتا ہے۔
پی سی بی کو لاجسٹک معاملات میں سری لنکا کی نسبت یو اے ای سستا نیوٹرل وینیو پڑے گا جبکہ دوسرے آپشن پر سری لنکا کے دمبولا اور پالی کیلے سٹیڈیم بطور نیوٹرل وینیو استعمال ہو سکتے ہیں۔