پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر پیشرفت، ایشیا کپ کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع

Published On 15 May,2023 11:55 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2023 کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل پر پیشرفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا ورچوئل اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان ہے جو رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ اجلاس میں پہلے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر بات ہو گی، ہائبرڈ ماڈل تسلیم کیے جانے کے بعد پاکستان کے علاوہ دوسرے ملک کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ہائبرڈ ماڈل پر عمل درآمد ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے اور پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے، بھارت کے پاکستان آنے کے انکار کی وجہ سے پی سی بی نے دو مرحلوں میں ایشیا کپ کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

پاکستان نے پہلے مرحلے کے میچز پاکستان میں اور باقی ایشیا کپ کسی دوسرے ملک میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے، ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔