اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کریں: نجم سیٹھی کا جے شاہ کو مشورہ

Published On 14 May,2023 02:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جے شاہ نوجوان ہے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سربراہی کا خواہشمند بھی ہے، انہیں مشورہ ہے کہ اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کریں، آئی سی سی کی قیادت کرنا ہے تو ایشن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو تقسیم ہونے سے بچائیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھارت کے علاوہ کسی اور کو مسئلہ نہیں، ہم کسی کو دھمکی نہیں دے رہے، صورتحال کا منطقی حل پیش کررہے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کی ہے، ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ آپ نہیں آرہے تو ہم بھی نہیں جائیں گے، ہم نے کرکٹ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے صرف ایشیا کپ کی فکر نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، انڈیا میں ورلڈ کپ ہے، ہماری حکومت بھی جانے سے منع کر سکتی ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے ہیں، انڈیا چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کرکے وینیو شفٹ کرنے کو کہہ سکتا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کرسکتے ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے، ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں یہی تجویز قابل عمل ہے۔