لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پاکستان بھی ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جاسکتا۔
بھارتی میڈیا پر دو ٹوک موقف دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کہا کہ ایشیا کپ کیلئے بھارت کو پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش سمیت ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کیا لیکن بی سی سی آئی بضد ہے کہ ہم نہیں مان رہے، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کر لیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے جو ہائبرڈ ماڈل ہو گا وہی ورلڈکپ کیلئے بھی ہو گا کیونکہ ہماری حکومت ہمیں بھارت میں جا کر کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی، جس طرح بھارتی ٹیم کو پاکستان میں سکیورٹی کے مسائل ہیں اسی طرح پاکستان کو انڈیا میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا کپ کیلئے بھارت ہائبرڈ ماڈل پر مان جاتا ہے تو ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز بنگلہ دیش یا جہاں بی سی سی آئی اور آئی سی سی سمجھتے ہیں وہاں کھیلنے کو تیار ہو جائے گا لیکن بھارت میں کھیلنا مشکل ہے۔
دوسری جانب نجم سیٹھی کے بیان پر بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی چراغ پا ہوگیا ہے اور رپورٹس چلائی جارہی ہیں کہ آئی سی سی گرین شرٹس کے ورلڈ کپ بھارت میں نہ کھیلنے پر پابندی بھی عائد کرسکتی ہے۔