دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے کی نئی رینکنگ میں پاکستان نے بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز ہوئی جس کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
تاہم پانچواں ون ڈے میں شکست کے بعد قومی ٹیم تیسرے نمبر پر آگئی تھی جس کے بعد آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کا پہلا، بھارت کا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا نمبر تھا جو اب سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد بدل چکا ہے۔
11 مئی کو جاری رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پاکستان 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر دیگر ٹیموں میں نیوزی لینڈ کی چوتھی، انگلینڈ کی پانچویں، جنوبی افریقا کی چھٹی، بنگلا دیش کی ساتویں پوزیشن ہے، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں جبکہ ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر موجود ہے۔