شاہین کو ورلڈکپ 2024 کیلئے کپتانی کی طرف لائیں: عاقب جاوید

Published On 14 May,2023 02:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بحث ہی غلط شروع ہوئی تھی، ون ڈے کا کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی نہیں ہو سکتا۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہو ئے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین آفریدی کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے کپتانی کی طرف لائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی تھی کہ کسی ایک فارمیٹ کا شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا مائنڈ سیٹ مختلف ہے باقی سب ایک جیسے ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ جب آپ یہ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی پرفارمنس پر ٹیمیں بننی چاہئیں تو پی ایس ایل میں کپتان بیک ٹو بیک دو سال ٹرافی جتواتا ہے تو اس کو بھی دیکھیں، شاہین آفریدی جس طرح ٹیم کو جتوا رہا ہے، مشکل وقت میں خود بیٹنگ کے لیے جاتا ہے، سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے صرف وجہ بتائی، کسی پسند ناپسند پر تجویز نہیں دی، نہ تنقید کی، ابھی زیادہ تر ون ڈے کرکٹ ہے، ایشیا کپ ہے، پھر ورلڈ کپ ہے، بابر اعظم کے علاوہ آپ کسی اور کا نام ہی کیوں لے رہے ہیں؟ بابر کے علاوہ کیوں کپتان بنانا ہے؟ کپتان بنا کر دیکھ ہی لیا اور سبق بھی افغانستان کی سیریز میں ملا۔